امریکی قونصل خانوں کا غیر ہنگامی عملے کو پاکستان چھوڑنے کا حکم
امریکی محکمہ خارجہ نے کراچی اور لاہور میں اپنے قونصل خانوں کے غیر ہنگامی عملے اور ان کے اہل خانہ کو پاکستان چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے اس فیصلہ کے پیچھے سکیورٹی خدشات ہیں جس کے تحت امریکی حکام نے ان شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح قرار دیا ہے امریکی مشن پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا
کہ کراچی اور لاہور کے امریکی قونصل خانوں کے غیر ہنگامی عملے اور ان کے اہل خانہ کو پاکستان چھوڑنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ ان کی جان و مال محفوظ رہیں اس بیان میں یہ واضح کیا گیا کہ اسلام آباد میں موجود امریکی سفارت خانہ کی سروسز کی صورتحال پر کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے
امریکی سفارت خانے کے بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ خطے میں ایران سے ممکنہ ڈرون اور میزائل حملوں کا خطرہ موجود ہے اور تجارتی پروازوں میں بھی شدید خلل کی صورتحال ہے موجودہ بحران کے پیش نظر امریکی محکمہ خارجہ نے پہلے بھی خطے کے کئی ممالک میں اپنے عملے کو مشورے دیے ہیں جن میں اردن بحرین عراق کویت قطر متحدہ عرب امارات سعودی عرب عمان اور حال ہی میں قبرص شامل ہیں
امریکی محکمہ خارجہ نے امریکی شہریوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ بحرین مصر ایران عراق اسرائیل مغربی کنارے غزہ پٹی اردن کویت لبنان عمان قطر سعودی عرب شام متحدہ عرب امارات اور یمن سے فوری طور پر روانہ ہو جائیں کیونکہ وہاں شدید حفاظتی خطرات ہیں
پاکستانی شہروں میں امریکی مشنز کے ارد گرد سکیورٹی سخت
پاکستان میں یہ ہدایت اس وقت جاری کی گئی جب یکم مارچ کوکراچی میں امریکی قونصل خانے کے باہر احتجاج کے دوران گیارہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے مظاہرین امریکی اسرائیلی حملوں کے خلاف شدید احتجاج کر رہے تھے اور قونصل خانے کی بیرونی دیوار کو عبور کرنے کی کوشش کی اس موقع پر امریکی میرینز نے مظاہرین پر فائرنگ کی تاہم یہ واضح نہیں کہ فائرنگ سے کسی کو نقصان پہنچا یا نہیں عام طور پر امریکی سفارتی مشنز میں سکیورٹی کے انتظامات مقامی فورسز اور نجی کنٹریکٹرز کے ذریعے کیے جاتے ہیں لیکن میرینز کی مداخلت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ قونصل خانہ نے خطرے کو کس حد تک سنگین سمجھا
اسی روز اسلام آباد میں بھی مظاہرے پرتشدد ہو گئے تین افراد ہلاک ہو گئے پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا جبکہ لاہور میں بھی مظاہرین نے قونصل خانے کے دروازے پر دھکا ماری کی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں پیچھے دھکیل دیا پاکستانی حکام کی جانب سے سکیورٹی کے انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں خاص طور پر کراچی لاہور اور اسلام آباد میں امریکی مشنز کے ارد گرد سڑکیں بند کر دی گئی ہیں اور بھاری پولیس نفری تعینات کی گئی ہے
پاکستان میں امریکی قونصل خانوں کے ویزا اور امریکی شہری خدمات کے تمام اپائنٹمنٹس منسوخ کر دیے گئے ہیں تاہم اسلام آباد میں سفارت خانے نے بتایا ہے کہ وہ تمام ہنگامی اور معمول کی قونصلری خدمات فراہم کرتا رہے گا اور معمول کے آپریشنز دوبارہ تین مارچ سے شروع کیے جائیں گے امریکی حکام نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں اپنے شہریوں کی حفاظت اور قونصل خانوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں

